ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شہریوں کی خواہش کے مطابق ایلی ویٹڈ کاریڈار تعمیر ہوگا : کمار سوامی

شہریوں کی خواہش کے مطابق ایلی ویٹڈ کاریڈار تعمیر ہوگا : کمار سوامی

Wed, 01 Aug 2018 11:16:55    S.O. News Service

بنگلورویکم اگست (ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے مجوزہ کاریڈار پراجیکٹ پر روک لگادی ہے ۔ اس پراجیکٹ کے تحت بنگلورو کے شمال جنوب اور مشرق مغرب میں ایلی ویٹڈ کاریڈار بنایا جانے والا تھا ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے ماحولیات پر پڑنے والے اثرات (ای آئی اے ) کے جائزہ کی رپورٹ طلب کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر بنگلورو کے شہری شہر کے گنجان راستوں سے خوش ہیں تو حکومت اس پراجیکٹ کو آگے نہیں بڑھائے گی۔ 15,800 کروڑ روپیوں کے اس منصوبہ کو 10سال پہلے بنایا گیا تھا جس پر عمل نہیں ہوا تھا ۔ اس پراجیکٹ کو پھر سے وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے اپنے بجٹ میں اعلان کیا تھا ۔ کچھ کارکنوں نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے وہ اس پراجیکٹ کو منسوخ کردیں۔

وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ اس سلسلہ میں ابتدائی تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور پراجیکٹ کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اس پراجیکٹ کو بنگلورو پر نافذ نہیں کرے گی ۔ اگر یہاں کے شہری چاہتے ہیں تو اس عمل کو آگے بڑھایا جائے گا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر یہاں کے شہری شہر کے گنجان راستوں کے سفر سے خوش ہیں تو ان کو اسی سے خوش رہنے دیا جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بات محکمہ پبلک ورک اور کرناٹک روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (کے آر ڈی سی ایل) کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں بتائی ۔

وزیر اعلیٰ نے 5جولائی کو پیش کئے گئے بجٹ میں اس پراجیکٹ کے لئے ایک ہزار کروڑ روپیوں کا اعلان کیا تھا جس کے لئے انہوں نے کے آر ڈی سی ایل سے ایک رپورٹ طلب کی تھی اور اس رپورٹ کو وزیر اعلیٰ کو پیش کردیا گیا ۔ اس سے پہلے میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے اس سے متعلق افسران کو اس پراجیکٹ کو آگے بڑھانے سے پہلے ای آئی اے کا جائزہ لے کر اس سلسلہ میں عوام کا ارادہ جان کر رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے ۔

انہوں نے بتایاکہ اس پراجیکٹ کے ذریعہ شہر کے گنجان راستوں کو راحت ملے گی۔ سفر کے اوقات میں کمی آئے گی اور فضائی آلودگی میں بھی کمی آئے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اب حکومت اس پراجیکٹ کے لئے متبادل سوچ رہی ہے جس میں میٹرو اور بی ایم ٹی سی کے نیٹ ورک کو مضبوط اور ایلی ویٹڈ راستہ تعمیر کرنا شامل ہے ۔ اس پراجیکٹ کو پی پی پی ماڈل پر 5مرحلوں میں نافذ کیا جائے گا جس کے لئے 152 ایکڑ زمین قبضہ کی جائے گی ۔


Share: